Inquilab Logo Happiest Places to Work

اپوزیشن حملہ آور ، روزگار اوراُمورِ خارجہ تنقید کا نشانہ

Updated: February 03, 2022, 10:11 AM IST | Agency | New Delhi

صدر کے خطاب پر رسمِ شکریہ:کھڑگے نے روزگار کا موضوع اٹھایا، پوچھا کہ۲؍ کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ تھا ، کیا ہوا ؟ راہل گاندھی نے خارجہ پالیسی پر سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا

Rahul Gandhi targeting the government in the House of Commons.Picture:PTI
ایوان پارلیمان میں راہل گاندھی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے۔تصویر: پی ٹی آئی

: کووڈ پروٹوکال کے سبب الگ الگ اوقات میں شروع ہوئی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائیوں میں اپوزیشن پارٹیوں خاص طور پر کانگریس نے سرکار کوجم کر تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور روزگار و خارجہ پالیسی جیسے موضوعات پر سرکار کو ہدف بنایا ۔ صبح کے وقت راجیہ سبھا کے اجلاس میں  صدر جمہوریہ کے خطاب پر رسم شکریہ کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اورایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے  اور این سی پی کی رکن پارلیمنٹ فوزیہ خان نے  ریلوے میں این ٹی پی سی کی  بھرتی میں بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایااور ریلوے میں گروپ ڈی ملازمین کی بھرتی کیلئے صرف ایک امتحان کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی بہار اور یوپی میں طلبہ کے خلاف درج مقدمات کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ 
راجیہ سبھا میں مطالبات  
 بجٹ اجلاس کے دوران صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو سب سے پہلے جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ اور ملائیشیا میں سیلاب کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پھر ضروری دستاویزات ایوان کی میز پر رکھے گئے۔ چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے کورونا پروٹوکول کی یاددہانی کراتے ہوئے بتایا کہ   راجیہ سبھا اور  لوک سبھا کی کارروائی دو مختلف شفٹوں میں چل رہی ہے۔ وقفہ صفر کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی  کی ڈاکٹر فوزیہ خان نے ریلوے میں بھرتی کیلئے بہار کے برہم  طلبہ کا مسئلہ اٹھایا۔  اس کا جواب دیتے ہوئے  بی جے پی  کے سشیل کمار مودی نے کئی دلائل دیئے لیکن اپوزیشن مطمئن نہیں ہوا ۔ اس امتحان کے نتیجے میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ’’آپ‘‘ کے سنجے سنگھ نے کہا کہ اس کی جانچ ہونی چاہئے۔اس مطالبہ کی حمایت  میں ملکارجن کھڑگے نے دریافت کیا کہ۲؍ کروڑ  نوکریاں دینے کا جو وعدہ کیا  گیا تھا ، ان میں سے کتنی دی گئیں  یہ، ایوان کو بتایا جائے۔ اس کے علاوہ اوربھی کئی موضوعات پر گفتگو ہوئی جن میں سب سے اہم سماج وادی کے رکن رام گوپال یادو کا یہ بیان تھا کہ اگر یوپی میں سماج وادی کی حکومت آئی تو رام مندر بغیر کسی پریشانی اور نفرت پھیلائے بغیر زیادہ رفتار سےتعمیر ہو گا۔  
لوک سبھا میں راہل گاندھی نے حملہ کی شروعات کی 
  دوسری طرف لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کی تقریر پر شکریہ کی تجویز پر بحث کی شروعات کانگریس کے لیڈرراہل گاندھی نے کی اور کہا کہ صدر جمہوریہ کی تقریر سچائی سے بے حد دور تھی۔ اس تقریر میں بے روزگاری کا کوئی تذکرہ نہیں تھا۔ جبکہ گزشتہ سال تین کروڑ نوجوانوں نے اپنا روزگار گنوا یا ہے۔ راہل نے کہا کہ اس وقت گزشتہ ۵۰؍سال کی سب سے زیادہ بے روزگاری  ہے لیکن سرکار کچھ نہیں کر پارہی ہے۔ یہ سرکار کی نااہلی ہے کہ روزگار دینے کے بجائے جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہی ہے۔
 امورِخارجہ کی ناکامی پر سرکار سے سوال کیا 
 راہل نے روزگار کے بعد ملک کی خارجہ پالیسی کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم نہ صرف کمزور ہوئے ہیں بلکہ عالمی سطح پر الگ تھلگ ہو گئے ہیں۔ اس وقت عالم یہ ہے کہ چین اور پاکستان ہمیں گھیرے ہوئے ہیں اور دن بدن مضبوط ہوتے جارہے ہیں۔سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی  دونوں ملک اکٹھے ہوئے ہیں۔  وزیر اعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ اپنے آپ سے پوچھیں کہ آپ کو یوم جمہوریہ پر مہمان کیوں نہیں مل پا رہے ہیں، آج ہندوستان مکمل طور پر الگ تھلگ اور گھرا ہوا ہے۔ 
صدر کے خطاب میںترمیم کیلئے ۹۹؍ تجاویز  
  راجیہ سبھا میں صدر کے خطاب میں ترمیم کیلئے اپوزیشن کی جانب سے ۹۹؍تجاویز  پیش ہوئی ہیں چنانچہ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ اپنی تجاویز پیش کریں۔


 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK